کاروار 18؍فروری (ایس او نیوز) شمالی کینرا حلقے سے رکن پارلیمان بنے اننت کمار ہیگڈے نے بتایا ہے کہ وہ ضلع کے ۶ حلقہ ہائے پارلیمان میں سے کسی بھی حلقے سے انتخابی میدان میں اترنے کے لئے تیار ہیں۔جس کا فیصلہ پارٹی کو کرنا ہے۔
اننت کمار نے شہر کے ربیا پلازہ میں منعقدہ بی جے پی مہیلا مورچہ کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔اور آئندہ ودھان سبھاانتخابات میں اپنی امیدواری کو یقینی بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ جیتنے والے امیدواروں کو مقابلے میں اتارا جائے گا۔ خواتین کے اندر جو بھی انتخاب جیتنے لائق ہونگی انہیں ٹکٹ ضرور دیا جائے گا۔اور چونکہ کسی بھی مرحلے پر عام انتخابات کا اعلان ہوسکتا ہے اس لئے بی جے پی کارکنان کو میدان میں اترنے کے لئے بالکل تیار رہنا چاہیے۔
اس موقع پراننت کمار نے ریاستی حکومت پر یہ الزام بھی لگایا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے ملنے والا فنڈ عوام کی بھلائی کے لئے استعمال نہیں کیا جارہا ہے۔ قحط سالی سے نمٹنے میں بھی ریاستی کانگریسی حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔اس لئے اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے حکومت کو استعفیٰ دے کر انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔اننت کمار نے یڈی یورپا اور ایشورپا کے بیچ چلنے والی چپقلش کے بارے میں کہا کہ یہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی طرح ہے ۔ اس میں بی جے پی کارکنان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ آئندہ ودھان سبھاانتخابات میں ریاست میں بی جے پی ہی برسراقتدار آنے والی ہے۔کیونکہ کانگریس پوری طرح دیوالیہ ہوچکی ہے۔ اور اس کے کئی بڑے لیڈر بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں۔اور آئندہ دنوں میں ضلع شمالی کینرا میں بھی کانگریسی لیڈران بی جے پی میں شامل ہونے والے ہیں۔آنند اسنوٹیکر کے بارے میں ہیگڈے نے کہا کہ آنند کی طرف سے دوبارہ بی جے پی میں شامل ہونے کے تعلق سے کوئی درخواست سامنے نہیں آئی ہے۔ اگر وہ درخواست دیتے بھی ہیں تو شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ مقامی کارکنان کی طرف سے ہی کیا جانا چاہیے۔